ہفتہ 14 نومبر 2026 - 20:29
نوحہ/ زینبؑ نے کہا ماں کے جنازے سے لپٹ کر: میں لٹ گئی اماں

حوزہ/شہادتِ جناب سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مولانا محمد رضا ایلیا مبارکپوری کا لکھا کلام پیش خدمت ہے۔

از قلم: مولانا محمد رضا ایلیا مبارکپوری

حوزہ نیوز ایجنسی|

زینبؑ نے کہا ماں کے جنازے سے لپٹ کر: میں لٹ گئی اماں

ٹوٹی ہوئی پسلی سے لہو بہتا تھا رس کر: میں لٹ گئی اماں

بے رحم ستمگر کی جفا دیکھ رہی تھی

جلتا ہوا دروازہ گرا، دیکھ رہی تھی

پھٹتا ہے کلیجہ، میرا ہے کیسا مقدر: میں لٹ گئی اماں

جلتا ہوا دروازہ گرا، بیچ میں آئی

ایک چیخ اٹھی، دب گئی، پکڑو میری بچی

غم ناک سماں بھول نہیں سکتی یہ دختر: میں لٹ گئی اماں

چلا کے یہ کہتی تھی کہ پسلی میری ٹوٹی

کچھ کیلیں چبھیں، خون بہا، زخمی ہتھیلی

سہتی ہوئی رخصت ہوئی تکلیف میں مادر: میں لٹ گئی اماں

قنفذ نے جو تلوار کا دستہ ہے مارا

تبدیل ہوا درد سے اماں تیرا چہرہ

بے چین ہوئی دیکھ کے یہ روحِ پیمبرؐ: میں لٹ گئی اماں

پہلو پہ جو مارا تو تڑپتی رہی اماں

محسن میرا مارا گیا، کہتی رہی اماں

آنکھوں میں المناک سمایا ہے وہ منظر: میں لٹ گئی اماں

میں اس کو کھلاتی، اسے سینے سے لگاتی

محسن کو بڑے پیار سے جھولا بھی جھلاتی

افسوس کہ دنیا میں نہیں آیا برادر: میں لٹ گئی اماں

شبیرؑ کی حالت پہ تڑپتے رہے ہم بھی

وہ اپنی جگہ سے نہ ہلا ایک قدم بھی

دو ہاتھ اٹھے، بند کفن ٹوٹا وہیں پر: میں لٹ گئی اماں

اماں نے کہا: سینے سے لگ جاؤ اے دلبر

بے چین میں رہتی تھی تیرے بن، میرے دلبر

تم پانی پلاتی تھی اسے راتوں میں اٹھ کر: میں لٹ گئی اماں

آلام و مصائب کے ہیں ایام ہمارے

گھر ہو گیا سنسان، جیئیں کس کے سہارے

ہم سب کو گئی چھوڑ کے فردوس کو مادر: میں لٹ گئی اماں

دو ہاتھ برآمد ہوئے جب قبر میں رکھا

دے دو میری بیٹی کو، پیمبرؐ نے کہا تھا

تب روئے بہت پھوٹ کے بابا میرے حیدرؑ: میں لٹ گئی اماں

بی بی! جو رضاؔ نے یہ تیرا نوحہ لکھا ہے

رنجیدہ ہے دل، سن کے رواں اشکِ عزا ہے

کرتی تھی بیاں زینبؑ مضطر یہی رو کر: میں لٹ گئی اماں

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha